لکھنو 21ستمبر (ایس او نیوز) اکھل بھارتیہ براہمن مہا سبھا نے 38 دیگر اعلی ذات گروپوں کے ساتھ مل کر اتر پردیش کی راجدھانی میں احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی کو متنبہ کیا کہ وہ ہمارے یہاں آکر ووٹ نہ مانگیں ، کچھ غلط ہوا تو ہم ذمہ دار نہیں۔
اطلاع کے مطابق یہ سبھی لوگ مرکزی حکومت کی جانب سے ایس سی /ایس ٹی ایکٹ میں کی گئی ترمیم کی مخالفت کررہے تھے ۔ لکھنو کے حضرت گنج میں احتجاج کی قیادت براہمن مہا سبھا کے سربراہ کملیش تیواری نے کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایکٹ میں ترمیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور سپریم کورٹ کے حکم کو نافذ کیا جائے ۔تاکہ ایسے معاملات میں فورا گرفتاری نہ ہو۔
تیواری نے کہا کہ ہم اس بات کا بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ شیڈیولڈ کاسٹ کمیشن ، اقلیتی کمیشن اور خواتین کمیشن کی طرح ہی اعلی ذات کیلئے کمیشن بنایا جائے ۔ان کے مطابق بی جے پی نے 85 فیصدی لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور انہیں اس کے نتائج بھی بھگتنے پڑیں گے۔ تیواری نے یہ بھی کہا کہ جب تک بی جے پی ختم نہیں ہوجاتی ، اس وقت تک یہ مخالفت چلتی رہے گی ۔ تیواری نے کہا کہ آر ایس ایس سربراہ کو میٹنل چیک اپ کرانا چاہئے تاکہ وہ لوگوں کا احساس سمجھ سکیں ۔
ادھر بارہ بنکی ضلع میں اعلی ذات کے گروپوں نے گاوں میں پوسٹر لگایا ہے اور کہا ہے کہ وزرا کوان کے پاس نہیں آنا چاہئے اور نہ ووٹ مانگنا چاہئے ۔ پوسٹر پر لکھا ہے کہ اگر اس گاوں میں کچھ بھی ناخوشگوارواقعہ پیش آتا ہے تووہ خود اُس کیلئے ذمہ دار ہوں گے ۔